افواج پاکستان کا استور میں دریا میں بہہ جانیوالے باراتیوں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن
استور: (دنیا نیوز) افواج پاکستان نے استور میں دریا میں بہہ جانے والے باراتیوں کی تلاش کے لیے مشترکہ سرچ آپریشن کیا۔
پاک فوج اور پاکستان نیوی کی ماہر غوطہ خوروں کی ٹیم کا آپریشن دریا میں بہہ جانے والے تمام مسافروں کی تلاش تک جاری رہے گا، مشترکہ غوطہ خوروں کی ٹیم دریا سندھ میں بہہ جانے والے 11 مسافروں کی تلاش کرے گی۔
واضح رہے کہ 12 نومبرکو 28 افراد پر مشتمل باراتیوں کی بس جو استور سے چکوال جا رہی تھی تھلیچی کے مقام پر دریا میں حادثے کا شکار ہوئی تھی، اب تک 15 لاشوں کو دریا سے نکالا جا چکا ہے۔
افواج پاکستان کے ماہر غوطہ خور جدید آلات سے لیس ہیں، پاک نیوی کی ٹیم کی مدد سے سرچ آپریشن میں مزید تیزی آئے گی، افواج پاکستان دکھ کی اس گھڑی میں لواحقین کے ساتھ ہیں اور ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔