بلاول بھٹو ناراض، ن لیگ سے اختلافات ہائی لیول پر چلے گئے: گورنر پنجاب
لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو ناراض ہیں، مسلم لیگ ن سے اختلافات ہائی لیول پر چلے گئے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار سلیم حیدر کا کہنا تھا کہ ن لیگ سے اتحاد کر کے ہم نے ووٹوں کی قربانی دی، اتحادیوں نے سبق نہیں سیکھا، جمہوریت میں پُرامن احتجاج حق ہے، احتجاج کے حوالے سے پی ٹی آئی کا ریکارڈ اچھا نہیں۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ جب بھی ن لیگ سے اتحاد ہوا پیپلز پارٹی کو نقصان ہوا، پیپلز پارٹی ن لیگ کے ساتھ مجبوری کے ساتھ بیٹھی ہے، پیپلز پارٹی نے اپنا نقصان کرلیا ملک کا نقصان نہیں ہونے دیا۔
سردار سلیم حیدر نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو پُرامن احتجاج کرنا چاہئے، پُرامن احتجاج جمہوری حق ہے، پی ٹی آئی کے ساتھ اعتماد کا فقدان ہے، پی ٹی آئی کو جب بھی احتجاج کا موقع دیا، یہ پُرامن نہیں رہی۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ ہماری انڈرسٹینڈنگ نہیں، ن لیگ اور پیپلز پارٹی دو علیحدہ پارٹیاں ہیں، فیصلہ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کرے گی۔