ریٹائرڈ ججز کو الیکشن اپیلوں پر سماعت سے روکنے کیلئے لارجر بینچ بنانے کی سفارش

لاہور : (دنیانیوز) ریٹائرڈ ججز کو الیکشن اپیلوں پر سماعت سے روکنے کے لیے متفرق درخواست پر لاہور ہائیکورٹ سے لارجر بینچ بنانے کی سفارش کردی گئی۔

لاہور ہائیکورٹ نے ریٹائرڈ ججز کو الیکشن اپیلوں پر سماعت سے روکنے کیلئے متفرق درخواست پر سماعت منظور کرلی، عدالت نے درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے ۔

جسٹس عابد عزیز شیخ نے سلمان اکرم راجہ کی درخواست پر سماعت کی، پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے درخواست دائر کی جس میں متفرق درخواست میں وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ درخواست میں اہم قانونی اور آئینی نکات اٹھائے گئے ہیں، لاہور ہائیکورٹ نے درخواست پر لارجر بنچ بنانے کی سفارش کردی۔

دائر درخواست میں درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ این اے 128 لاہور سے عون چوہدری کو شکت دے کر کامیاب ہوا ، بعد میں دھاندلی سے نتائج تبدیل کرتے ہوئے عون چوہدری کی کامیابی کا نوٹیفکیشن کر دیا گیا ، الیکشن ایکٹ 2017کے تحت ناکام امیدواروں کی انتخابی عذرداریوں کی سماعت کیلئے ہائی کورٹ کے جج بطور الیکشن ٹریبونل کام کررہے ہیں ۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ ان کی استحکام پاکستان کے ایم این اے عون چودھری کے خلاف الیکشن پیٹیشن زیر التوا ہے، حکومت پاکستان نے انتخابی عذرداری پر من پسند فیصلے کرانے کے لیے ریٹائرڈ ججوں کو الیکشن ٹریبونلز لگا دیا ہے ایسا کیا جانا حکومت کی بدنیتی اور غیر قانونی فعل ہے ۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت ریٹائرڈ ججز کو الیکشن اپیلوں پر سماعت سے روکنے کا حکم دے ، عدالت سابق ججوں کو الیکشن ٹریبونلز لگانے کا حکومتی اقدام معطل کرے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں