غیرملکی لیگز پر پابندی: انگلش کرکٹرز کا بورڈ کیخلاف علم بغاوت
لندن: (ویب ڈیسک) انگلش کرکٹرز نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سمیت دیگر غیر ملکی لیگز کھیلنے سے روکنے پر سخت موقف اپنانے کا ارادہ کر لیا۔
انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک اور اپنی لیگ کے دوران آئی پی ایل کے علاوہ غیر ملکی فرنچائز لیگز کے لیے کھلاڑیوں کو این او سی نہ دینے کی پالیسی کا اعلان کیا تھا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق پی ایس ایل سمیت فرنچائز لیگز کھیلنے پر پابندی لگانے کی وجہ سے انگلش کرکٹرز کا اپنے ہی ملک کی لیگ کے بائیکاٹ کا امکان ہے۔
برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے لگ بھگ 50 کرکٹرز نے انگلش کرکٹ بورڈ کے غیر ملکی فرنچائز ٹورنامنٹ کے فیصلے کے خلاف بات چیت کی ہے، کرکٹرز نے انگلینڈ کی آئندہ برس ہونے والی دی ہنڈریڈ لیگ کا بائیکاٹ کرنے پر غور بھی شروع کر دیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق انگلش کرکٹ بورڈ کے اس فیصلے سے کھلاڑیوں اور ان کے ایجنٹس میں مایوسی پھیلی ہے، 50 کے قریب کھلاڑیوں اور ان کے ایجنٹس نے معاملے پر پروفیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن کے ساتھ ملاقات بھی کی ہے، ملاقات میں احتجاجاً کھلاڑیوں نے دی ہنڈریڈ نہ کھیلنے پر غور کیا ہے۔
50 کے قریب ان کھلاڑیوں میں انگلینڈ کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑی بھی شامل ہیں جبکہ انگلینڈ کے کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے والے سرکردہ کھلاڑیوں کا ریڈ بال کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا بھی امکان ہے۔
برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل میں کنٹریکٹ کنفرم ہونے پر کھلاڑی اپنی کاؤنٹیز کی ٹیموں کے ساتھ کنٹریکٹ پر نظر ثانی کر سکتے ہیں۔