اے این ایف کی کارروائیاں، 2 کروڑ سے زائد مالیت کی منشیات برآمد

راولپنڈی: (دنیا نیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے مختلف کارروائیوں میں 2 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کرلی۔

اے این ایف کی منشیات سمگلنگ کے خلاف تعلیمی اداروں اور ملک کے مختلف شہروں میں کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

ترجمان اے این ایف نے بتایا ہے کہ منشیات کے خاتمے کیلئے اینٹی نارکوٹکس فورس نے 7 مختلف کارروائیوں کے دوران 8 ملزمان کو گرفتار کرکے 2 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 300.9 کلو گرام منشیات برآمد کی ہے۔

حکام کے مطابق اے این ایف نے الآصف سکوائر کراچی میں ایک ملزم سے 2 کلو گرام چرس برآمد کرلی، گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

گوادر میں جیوانی سے 245 کلو گرام چرس برآمد کی گئی، برکی روڈ لاہور کے قریب گاڑی کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 34.8 کلو گرام چرس اور 7.2 کلو گرام افیون برآمد کرکے 2 ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔

ترجمان نے بتایا کہ رِنگ روڈ پشاور میں پشتخارہ چوک کے قریب گاڑی میں چھپائی گئی 6 کلو گرام چرس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا، سیالکوٹ میں گلوٹیاں موڑ ڈسکہ کے قریب گاڑی کے خفیہ خانوں سے 3 کلو گرام آئس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔

اے این ایف کے مطابق مارگلہ روڈ اسلام آباد میں 2 ملزمان سے مجموعی طور پر 1.9 کلو گرام آئس برآمد ہوئی، برہان ٹول پلازہ اٹک کے قریب ملزم کے قبضے سے 500 گرام ہیروئن اور 500 گرام آئس برآمد ہوئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ تمام کارروائیوں میں گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں