کراچی: دو مختلف ٹریفک حادثات میں خاتون اور ایک مرد جاں بحق
کراچی: (دنیا نیوز) سپر ہائی وے معمار موڑ اور ناتھا خان پل پر پیش آئے دو مختلف ٹریفک حادثات میں خاتون اور ایک مرد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس نے جاں بحق ہونے والی خاتون کی لاش کو عباسی ہسپتال منتقل کر دیا، خاتون کی شناخت 25 سالہ ثومیہ زوجہ اعجاز کے نام سے ہوئی جس کے کزن نے پولیس کو بتایا کہ ثومیہ آج ہی مظفر آباد سے کراچی پہنچی تھی، سڑک کراس کرنے کی کوشش میں آگے بڑھی تو بس سے ٹکرا گئی۔
دوسرا حادثہ ناتھا خان پل کے اوپر پیش آیا جس میں نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار شہری جاں بحق ہوگیا جس کی لاش کو جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 50 سالہ ریاض کے نام سے ہوئی۔