وزیراعلیٰ پنجاب کی صنعتی کارکنوں کیلئے 720 فلیٹس کی قرعہ اندازی

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبہ کے بے گھر صنعتی ورکرز کے نئے تعمیر کردہ 720 فلیٹس کی قرعہ اندازی کر دی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے بٹن دبا کر قرعہ اندای کے پراسیس کا آغاز کیا، کامیاب صنعتی ورکرز کو مبارکباد دی، 720 صنعتی ورکرز اپنے بنے بنائے گھروں کے مالک ہوں گے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بیوگان اور سپیشل افراد کو قرعہ اندازی سے الگ کر کے فلیٹ دینے کا حکم دے دیا، صنعتی کارکنوں کے لیے مزید 1872 فلیٹس آئندہ 18 ماہ میں مکمل ہوں گے۔

شیخوپورہ میں قائدا عظم بزنس پارک میں 700ورکرز کے لئے بیچلر ہاسٹل کی تین ماہ میں تکمیل کی ہدایت کی اور سپیشل صنعتی کارکنوں کی آسانی اور تحفظ کے لئے گراؤنڈ فلور پر فلیٹس دینے کا حکم دیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ندیم طاہر نامی صنعتی کارکن کو خود فون کرکے مبارکباد دی اور کہا کہ اپنے امی ابو کو ساتھ رکھنا، ان کی دعاؤں سے آپ کو فلیٹ ملا۔

واضح رہے کہ سندر فیز ٹو کے لئے 672 فلیٹس، ملتان میں 656 اور واربرٹن ننکانہ صاحب میں 544 فلیٹس صنعتی کارکنوں کو دیئے جائیں گے۔

جھنگ میں کمالیہ میں بننے والی لیبر کالونیز میں 2000 صنعتی کارکنوں کو تین تین مرلے کے مفت پلاٹ دیئے جائیں گے، جھنگ میں 1300اور کمالیہ میں 700صنعتی ورکرز کو انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کے بعد پلاٹ ملیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں