پولیس یونیفارم میں ویڈیو شوٹ: صبا قمر کے خلاف مقدمے کی درخواست
لاہور:( دنیا نیوز) پاکستان کی معروف اداکارہ صبا قمر پولیس کی وردی پہن کر ویڈیو شوٹ کروانے کے باعث قانونی مشکل میں پھنس گئی۔
اطلاعات کے مطابق اداکارہ کے خلاف پولیس یونیفارم کے مبینہ غلط استعمال پر مقدمہ درج کرنے کی درخواست دائر کر دی گئی جس میں ایڈیشنل سیشن جج الیاس ریحان نے صبا قمر کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔
درخواست گزار وسیم زوار نے مؤقف اختیار کیا کہ سوشل میڈیا پر موجود ایک ویڈیو میں صبا قمر کو ڈریسنگ روم میں پولیس یونیفارم پہنے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ انہوں نے ایس پی کا بیج بھی لگایا ہوا ہے، قانون کے تحت پولیس یونیفارم پہننے سے قبل متعلقہ محکمے سے این او سی لینا ضروری ہوتا ہے جو اس کیس میں حاصل نہیں کیا گیا۔
وسیم زوار نے مزید مؤقف اپنایا کہ انہوں نے اس معاملے پر تھانہ پرانی انار کلی میں مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی تاہم پولیس کی جانب سے کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد کیس کی سماعت 14 جنوری تک ملتوی کر دی ہے۔