ملک بھر میں کرسمس کی تقریبات، گرجا گھروں میں خصوصی عبادات
لاہور: (دنیا نیوز) ملک کے مختلف شہروں میں کرسمس کی تقریبات ہوئیں، کراچی کے گرجا گھروں میں خصوصی عبادات اور دعائیہ تقریبات کا سلسلہ جاری رہا۔
لاہور بھر میں بھی چرچز کو سجا دیا گیا، خصوصی عبادات کا اہتمام کیا گیا، اسلام آباد میں بھی مسیحی برادری کی بڑی تعداد نے گرجا گھروں کا رخ کیا، مسیحی برادری کرسمس شاپنگ اور عبادات میں مصروف رہی، سکیورٹی کے انتظامات سخت رہی۔
صدر اور وزیراعظم کی مبارکباد
صدر اور وزیراعظم نے مسیحی برادری کو دلی مبارکباد دی، صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ کرسمس کا تہوار امید، امن اور ہمدردی کاپیغام لے کر آتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ تمام اہل وطن کو اس تہوار کی روایتی خوشیاں مبارک ہوں، دعاگو ہیں یہ کرسمس امن و استحکام اور خوشحالی کی نوید لے کر آئے، مسیحی بھائی پاکستان میں فعال، مثبت اور پر امن برادری کی حیثیت سے قابل قدر کردار ادا کر رہے ہیں۔
محمد شہبازشریف نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں پوری قوم کے شانہ بشانہ انکی قربانیاں ہمارے لیے باعث فخر ہیں۔