پی ایس ایل 11: وسیم اکرم برانڈ ایمبیسڈر مقرر، ملتان سلطانز سے متعلق بھی اہم اعلان

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کو پاکستان سپر لیگ کا برانڈ ایمبیسڈر مقرر کردیا۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ پی ایس ایل 11 کا آغاز 26 مارچ کے بجائے 23 مارچ سے کرنے کا سوچ رہے ہیں، تاہم ابھی تک اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ ملتان سلطانز کو اس سال پی سی بی خود آپریٹ کرے گا، ملتان سلطانز کی نیلامی پی ایس ایل ختم ہونے کے بعد کی جائےگی، ہم ملک میں کرکٹ کی بہتری کے لیے کوشاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل ٹیموں کی بڈنگ 8 جنوری کو اسلام آباد میں ہوگی، تمام فرنچائز کی مشاورت سے پی ایس ایل کا آغاز 23 مارچ سے کرنے کا فیصلہ کریں گے۔ 

محسن نقوی نے مزید کہا کہ بھارتی کھلاڑیوں کے انڈر 19 ایشیا کپ میں نامناسب رویے پر آئی سی سی کو خط لکھا ہے، اگر بھارتی کھلاڑی ہمارے ساتھ ہاتھ نہیں ملانا چاہتے تو ہمیں بھی ہاتھ ملانے کا شوق نہیں ہے، وزیر اعظم نے کہا ہے کہ کھیل میں سیاست نہیں ہونی چاہیے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں