مہنگائی کی شرح میں کمی، ادارہ شماریات نے ماہانہ رپورٹ جاری کردی

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ماہانہ رپورٹ جاری کردی ہے۔

نومبر کے مقابلے دسمبر 2025 میں مہنگائی کی شرح میں 0.4 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی، دسمبر 2025 میں مہنگائی بڑھنے کی سالانہ شرح کم ہوکر5.6 فیصد پر آئی، وزارت خزانہ نے دسمبر کے لیے مہنگائی کا تخمینہ 5.5 سے 6.5 فیصد کے درمیان لگایا تھا۔

وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کےمطابق شہری علاقوں میں 5.8 فیصد، دیہات میں مہنگائی 5.4 فیصد رہی،نان فوڈ نان انرجی انفلیشن شرح 0.4 فیصد بڑھکر 6.9 فیصد ہوگئی، نومبر 2025 میں مہنگائی میں اضافےکی شرح 6.1 فیصد تھی۔

رپورٹ کے مطابق دسمبر میں ٹماٹر 45 فیصد،پیاز 33 فیصد،سبزیاں 21 فیصد سے زائد سستی ہوئیں،آلو 18 فیصد، چینی 7 فیصد، چنے 3 فیصد، گڑ 3 فیصد تک سستا ہوا،ایک ماہ میں زندہ برائلر مرغی کی قیمت میں 2.79 فیصد تک کمی آئی،بیسن، دال چنا، ماش، مسور، مونگ، چاول بھی سستی ہونےوالی اشیاء میں شامل ہیں،گزشتہ ماہ موٹر فیول 0.66 فیصد تک سستا ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں معاشی شرح نمو 3.71 فیصد ریکارڈ: ادارہ شماریات

وفاقی ادارہ شماریات کےمطابق گزشتہ ماہ پھل 6.78 فیصد،گندم 3.48 فیصد، ڈرائی فروٹ 3.29 فیصد مہنگا ہوا،انڈے3.27 فیصد،کوکنگ آئل 2.84 فیصد، خشک دودھ 2 فیصد مہنگا ہوا،اس کےعلاوہ گندم آٹا 2 فیصد،گھی 1.92 فیصد، مچھلی بھی 2 فیصد تک مہنگی ہوئی،گزشتہ ماہ ایندھن 16.37 فیصد،کوئلہ 2.76 فیصد، گارمنٹس 2.44 فیصد مہنگے ہوئے،میرج ہال چارجز میں 1.96 فیصد، ٹرانسپورٹ کرایوں میں ایک فیصد تک اضافہ ہوا۔

رپورٹ کےمطابق خوراک اورمشروبات کی قیمتوں میں سالانہ 3.24 فیصد تک اضافہ ہوا،جلد خراب ہونے والی اشیاء سالانہ بنیادپر 20 فیصد سےزائد سستی ہوئیں،دیگرکھانےپینےکی اشیاء 7.49 فیصد تک مہنگی ہوئیں،ایک سال میں الکوحل اور تمباکو کی قیمتوں میں 3.91 فیصد تک اضافہ ہوا۔

وفاقی ادارہ شماریات کےمطابق سالانہ بنیادپرکپڑے جوتے 6.22 فیصد،پانی،بجلی،گیس،فیول 6.86 فیصد مہنگا ہوا،ایک سال میں تعلیم 9.90 فیصد،صحت کی سہولیات 7.74 فیصدتک مہنگی ہوئی،سالانہ بنیادپرٹرانسپورٹ کرائے 5 فیصد، ہوٹل چارجز 5.57 فیصدبڑھ گئے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں