مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ملزم کا معمہ حل ہو گیا، ویڈیو دنیا نیوز کو موصول

لاڑکانہ: (دنیا نیوز) 4 روز قبل مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ملزم علی گوہر کلہوڑو کا معاملہ، پولیس اہلکار کے ہاتھوں ہلاک علی گوہر کلہوڑو کی ویڈیو دنیا نیوز نے حاصل کر لی۔

ویڈیو میں پولیس اہلکار ملزم علی گوہر کلہوڑو کو زندہ پکڑ کر سر عام فائرنگ کرکے ہلاک کرتے دیکھا جاسکتا ہے، ویڈیو میں ملزم علی گوہر کلہوڑو ہاتھ جوڑ کر رحم کی اپیل کرتا دکھائی دیتا ہے۔

پولیس اہلکار نے ملزم کے چہرے اور سر پر فائرنگ کی، جس سے وہ ہلاک ہوا، واقعے میں پولیس اہلکار زیب جتوئی بھی تین گولیاں لگنے سے زخمی ہوا تھا۔

پولیس حکام کے مطابق علی گوہر کلہوڑو 10 مقدمات میں ملوث تھا، ایس ایس پی لاڑکانہ احمد فیصل چوہدری نے واقعے کا سخت نوٹس لیا اور پولیس اہلکار عرض محمد جتوئی کو معطل کر کے گرفتار کر لیا۔

ایس ایس پی احمد فیصل چوہدری نے کہا کہ ایسے واقعات کی مذمت کرتے ہیں، قانون سب کے لیے برابر ہے، پولیس اہلکار کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں