کراچی: سال نو پر مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ، متعدد افراد زخمی
کراچی: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت کراچی کے مختلف علاقوں میں سالِ نو پر ہوائی فائرنگ سے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ سے کم بچے اور بچیوں سمیت 19 افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ ہوائی فائرنگ میں ملوث 56 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، ریسکیو ذرائع کے مطابق کورنگی،گولیمار، فائیو سٹار اور نیوسبزی منڈی سمیت مختلف علاقوں میں ہوئی فائرنگ سے شہری زخمی ہوئے۔
خیال رہے کہ سال نو کے موقع پر محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے کراچی میں اسلحے کی نمائش اور ہوائی فائرنگ پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا، پولیس نے ہوائی فائرنگ کرنے والوں کی نشاندہی کیلئے ڈرون کیمرے اڑانے کا بھی فیصلہ کیا تھا۔
پولیس کے مطابق لیاقت آباد، شریف آباد، عزیزآباد، ناظم آباد اور دیگر علاقوں میں ڈرون اڑانے کا فیصلہ کیا گیا، ہوائی فائرنگ کرنے والوں کی ویڈیو ریکارڈ کرکے مقدمہ درج کیا جائے گا، 16 سے زائد تھانوں کو ڈرون کیمرے فراہم کیے گئے ہیں۔