نیویارک کی تاریخ میں نیا باب: پہلے مسلم میئر زہران ممدانی قرآنِ مجید پر حلف لیں گے

نیویارک: (ویب ڈیسک) نیویارک کی تاریخ میں نیا باب رقم ہوگا، پہلے مسلم میئر زہران ممدانی قرآنِ مجید پر حلف لیں گے۔

نیو یارک سٹی میں آج یکم جنوری 2026 کو ایک یادگار اور تاریخی لمحہ رقم ہونے جا رہا ہے، جب شہر کے نو منتخب میئر زہران ممدانی اپنی ذمہ داریوں کا آغاز قرآنِ مجید پر حلف اٹھا کر کریں گے، وہ نیو یارک کی تاریخ کے پہلے مسلم میئر ہوں گے اور یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے میئر بھی ہوں گے جو قرآنِ پاک پر حلف لیں گے۔

بین الاقوامی ذرائع کے مطابق حلف برداری کی تقریب دو حصوں میں منعقد ہوگی، سرکاری تقریب کے دوران زہران ممدانی اپنے دادا کے ذاتی قرآنِ کریم کے ساتھ ایک اور نایاب اور تاریخی قرآن پر بھی حلف اٹھائیں گے، جو معروف سیاہ فام محقق اور ادیب آرتورو شومبرگ کی ملکیت تھا، یہ قرآن نیو یارک پبلک لائبریری کی جانب سے خصوصی طور پر تقریب کے لیے فراہم کیا گیا ہے۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ آرتورو شومبرگ خود مسلمان نہیں تھے، تاہم وہ سیاہ فام تاریخ، ثقافت اور علمی ورثے کے نمایاں محافظ سمجھے جاتے ہیں، ان کی ذاتی لائبریری میں موجود یہ قرآن آج نیو یارک کی کثیرالثقافتی شناخت اور مذہبی ہم آہنگی کی ایک مضبوط علامت کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔

اسی روز سٹی ہال کے باہر ایک عوامی تقریب بھی منعقد ہوگی جہاں زہران ممدانی ایک مرتبہ پھر قرآنِ کریم پر حلف اٹھائیں گے، اس تقریب میں امریکی سینیٹر برنی سینڈرز ان سے عہدے کا حلف لیں گے، متوقع شرکاء میں موجودہ میئر ایرک ایڈمز، کانگریس کے اراکین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات شامل ہوں گی۔

زہران ممدانی کا کہنا ہے کہ یہ دن صرف ان کی ذاتی کامیابی نہیں بلکہ نیو یارک میں رہنے والے لاکھوں مسلمانوں کے لئے باعثِ فخر ہے، ان کے مطابق یہ لمحہ اس بات کی علامت ہے کہ مسلمان شہری بھی اسی احترام اور برابری کے مستحق ہیں جو کسی بھی دوسرے نیو یارکر کو حاصل ہے۔

زہران ممدانی کی حلف برداری نیو یارک کی تاریخ میں تنوع، شمولیت اور مذہبی آزادی کی ایک نئی مثال کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں