ریاست کسی افراتفری کی متحمل نہیں ہوسکتی: وزیراعظم آزاد کشمیر
مظفر آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ ریاست کسی افراتفری کی متحمل نہیں ہو سکتی، حکومت نے عوامی مفاد کے فیصلوں میں تاخیر نہیں کی۔
مظفرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور کا کہنا تھا کہ عوامی ایکشن کمیٹی سے معاہدے کی تمام شقوں پر عمل کر رہے ہیں، 3 ماہ کے بجائے سوا ماہ کے دوران ہی بیشتر نکات پر عمل کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ معاہدے کے 38 نکات میں سے 98 فیصد پر عمل مکمل کر چکے ہیں۔
فیصل ممتاز راٹھور کا کہنا تھا کہ بڑے سے بڑا مسئلہ بات چیت سے حل کیا جاسکتا ہے، ریاست کی بہتری کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، گزشتہ حکومت میں عوام اور قیادت میں دوریاں تھیں، موجوہ حکومت نےعوام اور قیادت کے درمیان رابطے بحال کئے۔