وینزویلا کے گرفتار صدر نکولس مادورو کو نیویارک کی جیل منتقل کردیا گیا

نیویارک: (دنیا نیوز) وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کو نیویارک میں واقع ایک جیل منتقل کردیا گیا ہے، انہیں گزشتہ دن امریکی اسپیشل فورسز نے ایک کارروائی میں ان کے ملک سے گرفتار کر کے امریکا منتقل کر دیا تھا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ وینزویلا اب مؤثر طور پر امریکی کنٹرول میں آ جائے گا، امریکی حکومت کا طیارہ رات کے وقت ایک فوجی اڈے پر اترا، جہاں سے مادورو کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے نیویارک منتقل کیا گیا، وہاں ان پر منشیات اسمگلنگ اور اسلحہ رکھنے کے الزامات کے تحت فردِ جرم عائد کی جانی ہے۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق، علی الصبح ہونے والی اس تیز رفتار کارروائی کے دوران امریکی کمانڈوز نے صدر مادورو اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کیا، جبکہ اسی دوران کراکس اور اس کے گرد و نواح میں فضائی حملے بھی کیے گئے۔

وائٹ ہاؤس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک ویڈیو بھی جاری کی، جس میں ہتھکڑی لگے ہوئے، سینڈل پہنے نکولس مادورو کو نیویارک میں امریکی ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن کے دفتر میں وفاقی اہلکاروں کی نگرانی میں چلتے ہوئے دکھایا گیا۔

ویڈیو میں 63 سالہ صدر کو انگریزی میں ‘گڈ نائٹ، ہیپی نیو ایئر’ کہتے سنا جاسکتا ہے، اگرچہ اس خطرناک کارروائی کو امریکی حکام ایک بڑی کامیابی قرار دے رہے ہیں، تاہم اس کے بعد کی صورتحال کے بارے میں شدید غیر یقینی پائی جاتی ہے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ اپنی کابینہ کے کچھ افراد کو وینزویلا کے معاملات سنبھالنے کے لیے نامزد کر رہے ہیں، تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں