اے این ایف کی 5 کارروائیاں، 268 کلو سے زائد منشیات برآمد
کراچی: (دنیا نیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں کارروائیاں کرتے ہوئے بڑی مقدار میں منشیات برآمد کر لی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق مجموعی طور پر 5 کارروائیوں کے دوران 268.08 کلو گرام منشیات ضبط کی گئی جبکہ خاتون سمیت 7 ملزمان کو گرفتار بھی کر لیا گیا ہے، یہ کارروائیاں اسلام آباد، اٹک، کوٹ مومن اور چمن میں کی گئیں، کارروائیوں کے دوران 250 کلو گرام ہیروئن اور 17 کلو 500 گرام چرس برآمد کی گئی ہے۔
اے این ایف کا کہنا ہے کہ ایک کارروائی میں 560 گرام وزنی 82 ہیروئن سے بھرے کیپسولز بھی قبضے میں لیے گئے جس میں 25 گرام ویڈ (Weed) بھی برآمد ہوئی ہے۔
مزید برآں ترجمان اے این ایف نے بتایا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔