خیبرپختونخوا بیوروکریسی میں ایک ہی دن بڑے پیمانے پر تقرر و تبادلے
پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا بیوروکریسی میں اعلیٰ سطح پر بڑے پیمانے پر تبادلے کر دیئے گئے۔
حکومت خیبرپختونخوا اسٹیبلشمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے ایک ہی دن میں 40 سے زائد افسران کے تقرر و تبادلوں کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا، مختلف محکموں کے سیکرٹریز، ڈائریکٹر جنرلز اور منیجنگ ڈائریکٹرز کے تبادلے عمل میں آگئے ہیں، بیوروکریسی میں اچانک بڑے پیمانے پر تبادلوں سے انتظامی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
کیا ایک دن میں درجنوں تبادلے انتظامی ضرورت تھے یا کسی دباؤ کا نتیجہ؟ کیا حساس محکموں میں افسران کی تبدیلی کسی بڑے فیصلے کا پیش خیمہ ہے؟ ذرائع کے مطابق ایک ایک پوسٹ کے لئے کروڑوں روپے لینے کے الزامات گردش کرنے لگے ہیں۔
کیا افسران سے لئے گئے مبینہ کروڑوں روپے سیاسی سرگرمیوں میں استعمال ہوں گے؟ تبادلوں کے پیچھے مالی بے ضابطگیوں کی کہانیاں، تحقیقات ہوں گی یا نہیں؟ اپوزیشن اور سول سوسائٹی کی جانب سے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
حکومت کی خاموشی ظاہر کررہی ہے کہ کیا الزامات میں کوئی صداقت ہے؟ بیوروکریسی میں بے چینی پھیل گئی، اچانک تبادلوں سے سرکاری امور متاثر ہونے کا خدشہ ہے، اسٹیبلشمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے فیصلوں پر سوالات اٹھنے لگے ہیں، کیا ان تبادلوں سے نظام بہتر ہوگا یا بحران مزید گہرا ہوگا؟