حیدر آباد میں وین اور ٹرالر میں ٹکر سے ایک شخص جاں بحق، 7 شدید زخمی
حیدرآباد: (دنیا نیوز) وین اورٹرالی کی ٹکر سے ایک شخص جاں بحق جبکہ سات مسافر زخمی ہوگئے۔
ٹنڈو الہیار اور ٹنڈو جام روڈ پر حادثہ اس وقت پیش آیا جب تیز رفتار وین سامنے سے آنے والی ٹرالی سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں وین کو شدید نقصان پہنچا اور مسافر وین میں پھنس گئے، حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد بڑی تعداد میں موقع پر جمع ہوگئے اور اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو وین سے نکالا۔
ریسکیو ٹیموں اور پولیس نے بھی فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں، حادثے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی لاش اور تمام زخمیوں کو فوری طور پر سول ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
سول ہسپتال کے ڈاکٹروں کے مطابق حادثے میں مجموعی طور پر آٹھ زخمی مسافروں کو ہسپتال لایا گیا تھا، جن میں سے ایک زخمی حالت نازک ہونے کے باعث دورانِ علاج دم توڑ گیا، باقی سات زخمیوں کو مختلف وارڈز میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جبکہ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثہ تیز رفتاری اور سڑک پر احتیاطی تدابیر کے فقدان کے باعث پیش آیا، جبکہ بعض افراد کا کہنا ہے کہ سڑک کی خراب حالت بھی حادثے کی ایک بڑی وجہ بنی، پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور حادثے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔