وینزویلا میں چینی مفادات کا قانون کے ذریعے تحفظ کیا جائے گا: چین

بیجنگ: (دنیا نیوز) چین کا کہنا ہےکہ وینزویلامیں حالات میں تبدیلی کے باوجود تعاون کے فروغ کی خواہش میں کوئی تبدیلی نہیں آئےگی، وینزویلا میں چینی مفادات کا قانون کے ذریعے تحفظ کیا جائےگا۔

ترجمان چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہےکہ امریکا کے طاقت کے استعمال سے لاطینی امریکا کے امن کو خطرہ ہے، انہوں زور دیا ہےکہ تمام فریقین کو استحکام کی بحالی کو فروغ دینا چاہیے، بین الاقوامی تعلقات میں طاقت کےاستعمال کی مخالفت کرتے ہیں۔

ترجمان چینی وزارت خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ دوسرے ملک کی خودمختاری کی خلاف ورزی کرنے والے غنڈہ گردی کے اقدام کی مخالفت کرتے ہیں۔

دوسری جانب وینزویلا کے خلاف امریکی فوجی کارروائی کے معاملے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس آج ہوگا، وینزویلا میں امریکی کارروائی کے بعد عالمی سطح پر شدید ردعمل سامنے آرہا ہے اور سلامتی کونسل کے اجلاس میں معاملے پر بحث متوقع ہے۔

ادھر عالمی میڈیا کی رپورٹس میں بتایاگیا کہ امریکی حملوں کے بعد وینزویلا کی تیل برآمدات مکمل طور پر مفلوج ہوچکی ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلے ہی اعلان کرچکے ہیں کہ اقتدار کی منتقلی تک امریکا وینزویلا کے معاملات خود چلائے گا۔

امریکی صدر کاکہنا ہےکہ وینزویلا کے تیل کے ذخائر کو اپنی تحویل میں لیا جائےگا اور امریکی تیل کمپنیاں وینزویلا جائیں گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں