روسی ایلیٹ ڈرون یونٹ نے یوکرینی بکتر بند گاڑیاں تباہ کر دیں: وزارت دفاع

ماسکو: (شاہد گھمن) روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ روسی ایلیٹ ڈرون یونٹ نے یوکرینی بکتر بند گاڑیاں تباہ کر دیں۔

روسی وزارتِ دفاع نے ڈونباس میں یوکرینی فوجی اہداف پر ایف پی وی ڈرون حملوں کی نئی ویڈیو جاری کر دی ہے، جس میں امریکی ساختہ بکتر بند گاڑیوں سمیت متعدد فوجی مقامات کو نشانہ بنتے دیکھا جاسکتا ہے۔

وزارتِ دفاع کے مطابق یہ حملے ڈونیتسک پیپلز ریپبلک (DPR) کے علاقے کرسنی لیمن کے نواح میں ایلیٹ ’’روبیکون‘‘ ڈرون یونٹ نے کیے، یہ علاقہ سلاویانسک کے شمال مشرق میں واقع ہے، جو یوکرینی فوج کے لیے اہم لاجسٹک مرکز سمجھا جاتا ہے۔

جاری کردہ ویڈیو میں روسی ایف پی وی ڈرونز کو امریکی ساختہ HMMWV (ہموی) بکتر بند گاڑی، ایک ٹینک، یوکرینی فوجی مورچے اور فوجی روبوٹک سسٹمز کو نشانہ بناتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

وزارتِ دفاع کے مطابق ’’روبیکون‘‘ یونٹ 2024 میں روسی وزیر دفاع آندرے بیلوسوف کے حکم پر قائم کیا گیا تھا۔

یہ یونٹ تجرباتی ڈرون ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے استعمال میں مہارت رکھتا ہے، جس کی بدولت میدانِ جنگ میں کم لاگت لیکن زیادہ مؤثر کارروائیاں ممکن بنائی جارہی ہیں۔

گزشتہ سال امریکی جریدے فوربز نے روبیکون یونٹ کو ’’محاذ پر سب سے مؤثر قوتوں میں سے ایک‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس یونٹ نے یوکرینی لاجسٹکس پر گہرا اثر ڈالا ہے۔

رپورٹ کے مطابق یوکرینی دستوں کو اب ٹرکوں، پک اپ گاڑیوں اور بکتر بند ٹرانسپورٹرز کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

ماہرین کے مطابق حالیہ مہینوں میں جنگ میں استعمال ہونے والے فائبر آپٹکس گائیڈڈ ایف پی وی ڈرونز نے عام ریڈیو کنٹرول ڈرونز کی جگہ لے لی ہے، کیونکہ یہ الیکٹرانک جیمنگ کے خلاف زیادہ مؤثر ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں