کراچی میں آتشزدگی کے بڑھتے واقعات، فائر بریگیڈ کو عملےکی کمی کا سامنا
کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں آتشزدگی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر بلدیہ عظمیٰ کراچی (کے ایم سی) کے محکمہ فائر بریگیڈ کو شدید افرادی قوت کی کمی کا سامنا ہے۔
ذرائع کے مطابق اہم ہنگامی ادارے میں 16 سال بعد بھرتیوں کے لیے اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔
کے ایم سی کے محکمہ فائر بریگیڈ میں گریڈ 1 سے گریڈ 17 تک مجموعی طور پر 440 آسامیاں خالی ہیں جن کی تفصیلات طلب کر لی گئی ہیں، محکمہ فائر بریگیڈ میں اس وقت مجموعی طور پر 1353 ملازمین کی کیپسٹی ہے تاہم صرف 913 ملازمین خدمات انجام دے رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گریڈ 17 میں ڈپٹی ڈائریکٹر کی ایک آسامی جبکہ سٹیشن افسرز کی 22 میں سے 8 آسامیاں طویل عرصے سے خالی ہیں، گریڈ 14 کے سینئر کلرک کی 9 میں سے 8 آسامیاں خالی ہیں۔
گریڈ 12 میں سب فائر افسر کی 35 میں سے 7 آسامیاں، فورمین کی دونوں پوسٹس اور وائرلیس مکینک کی آسامی خالی ہے، گریڈ 11 میں ٹیلیفون آپریٹر کی ایک جبکہ گریڈ 10 میں لیڈنگ فائر مین کی 111 میں سے 34 آسامیاں خالی پڑی ہیں۔
محکمہ فائر بریگیڈ میں گریڈ 5، 7 اور 8 کے ڈرائیورز کی 242 میں سے 149 آسامیاں خالی ہیں، گریڈ 7 میں مکینک کی 4، آٹو الیکٹریشن کی 3 اور ایمبولینس اٹینڈنٹ کی 2 آسامیاں بھی خالی ہیں، گریڈ 5 میں فائر مین کی 777 میں سے 207 آسامیاں، ایمبولینس حوالدار کی ایک اور سینیٹری ورکرز کی 7 آسامیاں خالی پڑی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ 16 برسوں کے دوران ملازمین کے انتقال، آتشزدگی کے واقعات میں شہادت یا زخمی ہونے اور ریٹائرمنٹ کے باعث یہ آسامیاں خالی ہوئیں۔
واضح رہے کہ محکمہ فائر بریگیڈ میں آخری مرتبہ سال 2009 میں بھرتیاں کی گئی تھیں جس کے بعد سے افرادی قوت میں مسلسل کمی واقع ہوتی جا رہی ہے جو شہر میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے میں ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے۔