ملک کے پسماندہ علاقوں میں پاک فوج عوامی خدمت میں پیش پیش
اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک کے پسماندہ علاقوں میں پاک فوج عوامی خدمت میں پیش پیش ہے۔
پاک فوج کے بھرپور تعاون سے مستوج، شمالی وزیرستان اور آزاد کشمیر میں فری میڈیکل کیمپس کا انعقاد کیا گیا، اس کے علاوہ کریلا سیکٹر، کوٹلی، باغ اور دتہ خیل میں بھی منعقدہ فری میڈیکل کیمپس میں پاک فوج کے قابل اور ماہر ڈاکٹرز موجود تھے۔
میڈیکل کیمپس میں مستند اور ماہر ڈاکٹرز نے مردوں، خواتین اور بچوں کا تفصیلی اور مفت طبی معائنہ کیا۔
موسمِ سرما کی شدت کے باعث علاقے میں پھیلنے والی موسمی بیماریوں کے تدارک کیلئے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف نے بھرپور خدمات انجام دیں، پاک فوج کے زیرِ اہتمام قائم میڈیکل کیمپس سے بڑی تعداد میں علاقہ مکینوں نے استفادہ حاصل کیا، پاک فوج کی معاونت سے منعقدہ میڈیکل کیمپس میں مریضوں کو مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں۔
مقامی آبادیوں نے پاک فوج کے اس فلاحی اقدام کو سراہتے ہوئے عوامی صحت کے فروغ کیلئے احسن کاوش قرار دیا اور کہا کہ فری میڈیکل کیمپ پاک فوج کی عوامی خدمت اورصحت مند معاشرے کے قیام کے عزم کا مظہر ہے۔