8 فروری کو پہیہ جام نہیں ہونے دیں گے، سندھ حکومت کا دو ٹوک اعلان
کراچی: (دنیا نیوز) سندھ حکومت نے دو ٹوک اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 8 فروری کو پہیہ جام نہیں ہونے دیں گے۔
صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن کہتے ہیں پی ٹی آئی انتشار کی سیاست میں مصروف ہے، کراچی میں نو مئی جیسا واقعہ دہرانے کی کوشش کی گئی، پولیس پر پتھراؤ کیا گیا، میڈیا کی گاڑیاں توڑی گئیں، تحریک انصاف نے ہر وہ کام کیا جس سے لوگوں کا نقصان ہو۔
شرجیل میمن نے کہا کہ شہر قائد نے انتشار کی سیاست کرنیوالوں کو ہمیشہ مسترد کیا، سندھ حکومت نے تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے کسی رہنما پر مقدمہ درج نہیں کیا۔
ناصر حسین شاہ نے پی ٹی آئی سے 8 فروری کی پہیہ جام ہڑتال واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہم انتشار اور فسادات کے متحمل نہیں ہو سکتے، تحریک انصاف والے پھر 9 مئی سانحہ دہرانا چاہتے ہیں، ہڑتال سے پی ٹی آئی کے اپنے کارکنان مشکل میں آئیں گے۔