وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس آج طلب کر لیا
لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں امن و امان اور سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے صوبائی ایپکس کمیٹی کا اہم اجلاس آج طلب کر لیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں پنجاب میں سکیورٹی کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی غور کیا جائے گا، جبکہ دہشت گردی کے خدشات اور درپیش سکیورٹی چیلنجز پر بھی اہم فیصلوں کا امکان ہے۔
اجلاس میں اعلیٰ سول و عسکری حکام شرکت کریں گے اور صوبے میں سکیورٹی انتظامات کا جامع جائزہ پیش کیا جائے گا، حساس مقامات کی حفاظت، انٹیلی جنس امور اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کی حکمت عملی پر بریفنگ دی جائے گی۔
ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں سکیورٹی اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ پنجاب میں امن و امان یقینی بنانے کے لیے مزید مؤثر اقدامات پر بھی غور کیا جائے گا۔