کچھ لوگ سندھ کے حقوق اور وسائل پر ڈاکہ ڈالنا چاہتے ہیں: بلاول بھٹو
تھرپارکر: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کچھ لوگ سندھ کے حقوق اور وسائل پر ڈاکہ ڈالنا چاہتے ہیں۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے ضلع تھرپارکر میں مٹھی اسلام کوٹ روڈ پر واقع این ای ڈی یونیورسٹی سے الحاق شدہ تھر انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا افتتاح کر دیا۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ تھرپارکر اور پورے صوبے کیخلاف خاص مہم چلائی جاتی ہے، جھوٹا بیانیہ بنایا جاتا ہے تھر سے وسائل لے کراسلام آباد کو دیئے جائیں۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا کہ تھرپارکر کے پاس اتنا کوئلہ ہے جتنا سعودی عرب کے پاس تیل، سازش کے تحت شہید بینظیر بھٹو کی کوششوں کو ناکام بنایا گیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ صوبہ سندھ کی کردارکشی کی جاتی ہے، سندھ کیخلاف سب سازشوں کا جواب تھرپارکر ہے، تھر کے کوئلے سے فیصل آباد کو بھی معاشی فائدہ ہوا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ تھرپارکر کے کوئلے سے معاشی انقلاب آیا، تھر کے کوئلے کے منافع کا حصہ تھر فاؤنڈیشن کو دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ این ای ڈی تھر کے عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا، پیپلزپارٹی کی حکومت غریب دوست حکومت ہے، ہم صوبے کے عوام کے مفاد کو ہمیشہ مقدم رکھتے ہیں
بلاول بھٹو نے کہا کہ کچھ لوگ سمجھتے ہیں سندھ کی ترقی کا راستہ اسلام آباد سے ہو کر گزرتا ہے، تھرپارکر نے تمام باتیں غلط ثابت کردی ہیں۔