سیف ویمنز فٹسال چیمپیئن شپ : بنگلہ دیش نے بھارت کو شکست دیدی
بینکاک: (ویب ڈیسک) بنگلہ دیش ویمنز نیشنل فٹسال ٹیم نے تھائی لینڈ میں جاری سیف ویمنز فٹسال چیمپیئن شپ 2026 میں شاندار آغاز کرتے ہوئے اپنے پہلے گروپ میچ میں بھارت کو 1–3 سے آؤٹ کلاس کر دیا۔
بنگلہ دیش کی ٹیم نے میچ میں منظم، پراعتماد اور حکمت عملی سے بھرپور کھیل پیش کیا، یہ کامیابی ایک روز قبل مردوں کے فٹسال مقابلے میں دونوں ٹیموں کے درمیان 4–4 کے سنسنی خیز ڈرا کے بعد سامنے آئی، جس سے دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان فٹسال کی بڑھتی ہوئی رقابت نمایاں ہو گئی۔
میچ کے آغاز ہی سے بنگلہ دیش نے برتری قائم کر لی۔ 7ویں منٹ میں کپتان سبینہ خاتون نے کرشنا رانی سرکار کے شاندار پاس پر گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی۔ یہ گول تاریخی حیثیت کا حامل تھا کیونکہ سبینہ خاتون بین الاقوامی مقابلوں میں بنگلہ دیش ویمنز فٹسال ٹیم کی پہلی گول اسکورر بن گئیں۔
13ویں منٹ میں ایک بار پھر سبینا خاتون نے اسکور دوگنا کر دیا، کرشنا رانی سرکار کی بائیں جانب سے کی گئی شاندار کراس پر سبینہ خاتون نے بھارتی ڈیفنڈر اور گول کیپر کو چکما دیتے ہوئے گیند جال میں پہنچا دی۔
ڈائمنڈ شیپ اٹیکنگ حکمت عملی کے ساتھ بنگلہ دیش نے پورے میچ میں بھارت پر دباؤ برقرار رکھا، ہائی پریسنگ، تیز بال ریکوری اور مڈفیلڈ میں فوری ٹرانزیشن بنگلہ دیش کی نمایاں خوبیاں رہیں، جبکہ سینئر کھلاڑیوں کے تجربے نے اہم لمحات میں ٹیم کو پرسکون رکھا۔