نیپرا کی رپورٹ پر شدید تحفظات، اووبلنگ پر 17فیصد قابو پا لیا: اویس لغاری

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیر توانائی اویس لغاری نے نیپرا کی رپورٹ پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اووربلنگ کے نقصانات پر17 فیصد قابو پالیا۔

 وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اویس لغاری کا کہنا تھا کہ نیپرا نے سٹیٹ آف انڈسٹری رپورٹ جاری کی یہ جون 2025کی ہے،اس حوالے سے نیپرا کو خط لکھیں گے جون میں ہی رپورٹ جاری کی جائے۔

اُنہوں نے کہا کہ چھ ماہ پہلے اعدا و شمار سے کنفیوژن ہوتی ہے، نیپرا نے کہا 8ہزار سات سومیگاواٹ بجلی سرپلس ہے، ہم نے اینڈ پے والے پلانٹس کیساتھ مذاکرات کیے ، اِن آئی پی پیز کے ساتھ مذاکرات کیے کچھ کو بند کیا اربوں روپے کا بوجھ کم کیا۔

وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ نیپرا نے سٹیٹ آف انڈسٹری رپورٹ جاری کی یہ جون 2025کی ہے، اس حوالے سے نیپرا کو خط لکھیں گے، جون میں ہی رپورٹ جاری کی جائے، چھ ماہ پہلے اعداد وشمار سے کنفیوژن ہوتی ہے۔

اویس لغاری نے کہا کہ مستقبل کی سرپلس پاور کی فضول خرچی کو کم کیا ہے، ہم نے مستقبل میں میرٹ پر 7967 میگاوٹ کے منصوبے ختم کئے، اضافی بجلی خریدتے تو صارفین پر 17 ارب ڈالر کا بوجھ پڑتا، اووربلنگ کے نقصانات پر سترہ فیصد قابو پالیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ میٹرریڈنگ کا اختیار عوام کو دیدیا، چالیس ارب روپے سے زائد اووربلنگ کی رقم صارفین کو واپس کی ہے، ریکوریز نہ ہونے سے گردشی قرض نہیں بڑھتا، 183ارب کی مد میں اضافی ریکوریز کی ہیں۔

وزیر توانائی نے کہا کہ نیپرا کہتا ہے گردشی قرض میں کمی اصلاحات سے نہیں آئی یہ غلط ہے، ہم نے نقصانات کو 183ارب کم کیا، لیٹ پیمنٹ سرچارج 260اور اصلاحات سے 300ارب کا بوجھ کم کیا۔

اویس لغاری کا نیپرا کی رپورٹ پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ناکافی اعداد و شمار کی وجہ سے رپورٹ میں غلط فہمیاں پیدا ہوئیں، بجلی کے نقصانات صارفین کو منتقل نہیں ہوتے،40 ارب روپے کی اوور بلنگ کا بوجھ صارفین پر نہیں ڈالا گیا۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ غیرضروری بجلی کا 17 ارب ڈالر کا بوجھ مکمل ختم کر دیا،،سبسڈی سے ہونیوالے نقصانات حکومت برداشت کرتی ہے،اصلاحات لاکر مسائل کم کر رہے ہیں، ایک سال میں میٹر ریڈر کا اختیار عام آدمی کو دیا گیا،5سے 6 سال میں گردشی قرض کی مکمل ادائیگی ہوجائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں