یورپی یونین کا امریکا کیساتھ تجارتی معاہدہ معطل کرنے پر غور

سٹاک ہوم: (دنیا نیوز) یورپی یونین نے امریکا کیساتھ تجارتی معاہدہ معطل کرنے پر غور شروع کر دیا۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گرین لینڈ کے معاملے نے امریکا اور اس کے یورپی اتحادیوں کے درمیان تجارتی تنازع کھڑا کر دیا ہے اور یورپ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے متعدد یورپی ملکوں پر ٹیرف لگانے پر جوابی اقدامات کی وارننگ دی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکا متعدد یورپی ملکوں پر کسٹم ڈیوٹی لگائے گا، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ اقدامات گرین لینڈ کی خریداری کا معاہدہ طے پانے تک جاری رہیں گے، اس خریداری کی وجہ انہوں نے امریکی اور عالمی قومی سلامتی کو درپیش خطرات بتائے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر نے ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں کیا تھا کہ واشنگٹن نے ڈنمارک، تمام یورپی یونین اور دیگر ملکوں کی کئی سالوں تک ڈیوٹی یا معاوضے کی کسی بھی شکل کے بغیر حمایت کی ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ وہ اس کا بدلہ چکائیں کیونکہ عالمی امن داؤ پر ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ یکم فروری 2026ء سے مذکورہ ملکوں سے امریکا آنے والی تمام اشیاء پر 10 فیصد کسٹم ڈیوٹی لگائی جائے گی جسے یکم جون 2026 سے بڑھا کر 25 فیصد کر دیا جائے گا۔

انہوں نے زور دیا تھا کہ یہ ڈیوٹی اس وقت تک نافذ رہے گی جب تک گرین لینڈ کی مکمل خریداری کا معاہدہ نہیں ہو جاتا، انہوں نے نشاندہی کی کہ امریکا 150 سال سے زائد عرصے سے گرین لینڈ حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور جدید دفاعی نظام ’’ گولڈن ڈوم ‘‘ کی وجہ سے اس کی ضرورت انتہائی ناگزیر ہو چکی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں