سانحہ گل پلازہ پوری قوم کیلئے باعث رنج، قیمتی جانوں کا ضیاع افسوسناک ہے: ایاز صادق

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے گل پلازہ مارکیٹ کراچی میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے واقعہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمی افراد کی جلد اور مکمل صحتیابی کے لئے دعا کی۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ یہ سانحہ پوری قوم کے لیے باعثِ رنج و الم ہے، واقعہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور بڑے پیمانے پر املاک کے نقصان کی خبر نہایت افسوسناک ہے، دکھ کی اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے دکھ اور غم میں برابر کا شریک ہوں۔

انہوں نے کہا کہ متعلقہ ادارے متاثرہ افراد اور تاجروں کو ہر ممکن امداد فراہم کریں،اس قسم کے واقعات کی روک تھام کے لیے عمارتوں میں حفاظتی انتظامات اور فائر سیفٹی کے مؤثر اقدامات کو یقینی بنانا ناگزیر ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ مستقبل میں ایسے سانحات سے بچاؤ کے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات کیے جائیں۔سپیکر سردار ایاز صادق نےاللّٰہ تعالیٰ سے جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمانے کی دعا کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں