پنجاب میں خطرناک عمارتوں پر جامع سروے رپورٹ مرتب
لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب میں خطرناک عمارتوں پر سیکرٹری ایمرجنسی اینڈ ریسکیو سروسز کی جانب سے جامع سروے رپورٹ مرتب کر لی گئی۔
سروے رپورٹ کے مطابق پنجاب میں 14 عمارتیں انتہائی خطرناک قرار دی گئی ہیں، لاہور میں 13 عمارتیں خطرناک ہیں جن کے خلاف فوری کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔
رپورٹ میں فیصل آباد میں ایک عمارت کو انتہائی خطرناک قرار دے دیا گیا، خطرناک قرار دی گئی عمارتوں میں رہائش اور کمرشل استعمال پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔
بی کیٹیگری میں 63 عمارتیں شامل ہیں جن کی مسلسل نگرانی کا فیصلہ کیا گیا ہے، بی کیٹیگری عمارتوں کو مرمت یا خالی کرانے کی ہدایت کی جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق خطرناک عمارتوں سے شہریوں کے جان و مال کو سنگین خطرات لاحق ہیں، سروے رپورٹ ضلعی انتظامیہ اور بلدیاتی اداروں کو ارسال کر دی گئی ہے۔
خطرناک عمارتوں پر قانونی کارروائی اور سیلنگ کا امکان ہے، رپورٹ میں فائر سیفٹی اور بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی گئی ہے، شہری علاقوں میں پرانی اور خستہ حال عمارتیں بڑا خطرہ قرار دی گئی ہیں۔
رپورٹ میں خطرناک عمارتوں کے مکینوں کی منتقلی کیلئے لائحہ عمل زیر غور ہے، ضلعی سطح پر فزیکل انسپکشن مزید تیز کرنے کی سفارش کی گئی ہے، پنجاب میں کراچی جیسے سانحات سے بچاؤ کیلئے پیشگی اقدامات شروع کر دیئے گئے۔