ترقیاتی منصوبوں میں گرین بیلٹس کا تحفظ یقینی بنایا جائے: مریم نواز

لاہور:(دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں میں گرین بیلٹس کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔

صوبائی دارالحکومت میں مریم نواز کا ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت اجلاس میں کمشنرزاورڈپٹی کمشنرز سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں پراربوں روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ ہر منصوبے میں بیوٹیفکیشن پلان لازمی ہونا چاہیے، ترقیاتی منصوبوں میں گرین بیلٹس کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ شہروں میں سٹریٹ لائٹس کی تنصیب یقینی بنائی جائے، منصوبوں کے ساتھ ساتھ فٹ پاتھ کی بروقت تعمیر کی جائے، کسی بھی محکمے کو منصوبے کی تکمیل کے بعد سڑک کھودنے نہیں دیں گے۔

مریم نواز نے کہا کہ مین ہول ایک ہی سٹینڈرڈ کے ہونے چاہئیں، پلاسٹک کے مین ہول چوری نہیں ہو سکتے، مین ہولز کا لیول سڑک کے برابر ہونا چاہیے، منصوبوں کے اطراف جوگنگ ٹریک اور اوپن ایئر جم بنائے جائیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ بلڈنگز میں فائرسیفٹی سسٹم کی مکمل جانچ پڑتال کی جائے، شارٹ سرکٹ سے بچنے کے لیے اوپن ایئروائرنگ سےبچا جائے، لوگوں کے لیے واکنگ ٹریکس بنائیں، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عوام کی سہولت کیلئے اربوں روپے لگائے جار ہے ہیں، شہروں کے داخلی اور خارجی راستوں کی تزئین و آرائش کا حکم دیا ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ اوور ہیڈ برجز کے نیچے صفائی، گرین بیلٹ اورپلے ایریاز بنانے کی ہدایت کی،اوور ہیڈ برج اور انڈرپاسز کی سجاوٹ کا حکم دیا،پنجاب ڈویلپمنٹ پلان کے ہر پراجیکٹ کی جیو ٹیگنگ کی ہدایت بھی کی۔

اُنہوں نے کہا کہ پنجاب کے ہائی ویز پرمسافروں کی سہولت کے لئے    واش رومز   کا پلان طلب کیا گیا،ہر سیوریج اور ڈرینج پراجیکٹ کے لئے کھدائی کے بعد روڈز کی تعمیر و بحالی مکمل کرنے کا حکم دیا،پنجاب ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کی مانٹیرنگ کے لئے ہرڈی سی آفس میں کنٹرول روم اور مینجمنٹ سیل قائم کرنے کی ہدایت کی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پی ڈی پی فیز ون کے پراجیکٹس میں شفافیت سے 28کروڑ روپے کے فنڈز کی بچت ہوئی،لاہور ڈویلپمنٹ پلان کا پہلا فیز کامیابی سے مکمل، دوسرے فیز پر کام جاری ہے۔ پنجاب ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے تحت 7شہروں میں 23 ارب 40 کروڑ روپے کے ترقیاتی پراجیکٹ پر کام ہو رہے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ سرگودھا، ڈی جی خان، گجرات، جھنگ میں سیوریج، ڈسپوزل، ڈرینج، واٹرسٹوریج ٹینک بنائے جائیں گے، جہلم، حافظ آباد اور اوکاڑہ میں ٹرنک سیوریج، نئے ڈسپوزل اور بارشی پانی کے نکاس کے لئے ڈرینج بنیں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے تحت سیوریج اور ڈرینج سسٹم کے لئے 526 مشینری یونٹ مہیا کیے جائیں گے، فیز ٹو میں 8 شہروں میں سیوریج، ڈرینج اور واٹر ٹینک اور دیگر ترقیاتی پراجیکٹ مکمل ہوں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں