پنجاب کی گندم پالیسی 2026ء کا اعلان، فی من قیمت 3500 روپے مقرر
لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت کی گندم پالیسی 2026ء سامنے آگئی، جس کے مطابق سٹریٹجک گندم ذخائر سٹیک ہولڈرز کے ذریعے خریدے جائیں گے، نئی گندم کی فی من قیمت 3500 روپے رکھی گئی ہے۔
گندم پالیسی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا جس کے مطابق حکومت نے پرائیویٹ سیکٹر کے اشتراک سے گندم خریداری کی اجازت دیدی، حکومت پنجاب 25لاکھ میٹرک ٹن تک گندم کے ذخائر خریدے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سٹریٹجک گندم ذخائر سٹیک ہولڈرز کے ذریعے خریدے جائیں گے، رواں سال کیلئے گندم کی قیمت2025ء میں گندم کی اوپن مارکیٹ کی قیمت کے برابر رکھی گئی ہے۔
پالیسی کے مطابق سٹریٹجک گندم ذخائر کا انتظام خریدار بینکوں کے ذریعے کیا جائے گا، حکومت پنجاب فنانسنگ لاگت کا 70فیصد حصہ برداشت کرے گی، منتخب سٹیک ہولڈرز کو سرکاری گودام بلا معاوضہ دیئے جائیں گے۔
مزید برآں نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ایگریکیٹر کل گندم کا 0.5فیصد سے کم یا 20فیصد سے زیادہ حصہ نہیں لے سکے گا، کسان کو گندم کی 3500 روپے فی من کا سو فیصد معاوضہ موقع پر ملے گا۔