متحدہ رہنماؤں کی پریس کانفرنس پر پیپلز پارٹی کا ردِ عمل بھی آگیا

کراچی: (دنیا نیوز) متحدہ رہنماؤں کی پریس کانفرنس پر پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری سینیٹر وقار مہدی نے بھی ردعمل دے دیا۔

سینیٹر وقار مہدی نے کہا کہ مصطفیٰ کمال متحدہ کی چیئرمین شپ نہ ملنے پر حواس کھو بیٹھے ہیں، مصطفیٰ کمال کے آئے روز بدلتے بیانات کو اب متحدہ کے کارکنان بھی سنجیدہ نہیں لیتے۔

جنرل سیکرٹری پی پی نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ پچھلے 30 سال سے ہر حکومت کا حصہ ہے مگر آج تک کبھی عوام کے لئے کچھ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ کی سیاست صرف نفرت پھیلا کر زندہ ہوتی ہے مگر کراچی کے عوام اب ان کو مسترد کرچکے ہیں۔

سینیٹر وقار مہدی نے مزید کہا کہ کراچی شہر کے انفراسٹرکچر کی بربادی میں سب سے زیادہ کردار متحدہ اور بالخصوص مصطفیٰ کمال کا ہے۔

پی پی رہنما نے کہا بدقسمتی سے متحدہ ہمیشہ سے لاشوں کی سیاست کرتی آرہی ہے، ایم کیو ایم کا وتیرہ ہی جھوٹ بولنا اور عوام کو گمراہ کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ گل پلازہ پر حکومت سندھ اور کے ایم سی کے ادارے آگ لگنے کے 15 منٹ بعد سے وہاں موجود ہیں۔

سینیٹر وقار مہدی کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے سانحہ گل پلازہ کی تعمیر نو اور تاجروں کے نقصانات کے ازالے کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کراچی کی نمائندہ جماعت ہے اور دکھ اور غم کی اس گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں