سانحہ گل پلازہ کی تحقیقات: سندھ حکومت نے نجی آڈٹ کمپنی کی خدمات حاصل کرلیں

کراچی: (دنیانیوز) سانحہ گل پلازہ کی تحقیقات کیلئے سندھ حکومت نے نجی آڈٹ کمپنی کی خدمات حاصل کرلیں۔

آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کا کہنا ہے نجی آڈٹ کمپنی آگ لگنے کی وجوہات سمیت دیگر چیزوں کا جائزہ لے گی، رپورٹ کی روشنی میں مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی، اہم دکانداروں سمیت تمام منسلک افراد کے بیانات ریکارڈ کئے جائیں گے، پولیس ٹیم بھی واقعہ کی جانچ کررہی ہے۔

سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے کراچی بھر میں فائر سیفٹی معائنوں کا آغاز کر دیا، شہر کی 35 رہائشی و کمرشل عمارتوں میں فائر سیفٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا، ڈی جی ایس بی سی اے کے مطابق فائر سیفٹی میں خامیوں پر متعلقہ عمارتوں کو اصلاحی نوٹس جاری کئے جا رہے ہیں۔

کے ایم سی کے سروے میں شامل 266 عمارتوں سمیت اہم عمارتوں کو نوٹس جاری کئے جا رہے ہیں، مقرر وقت میں فائر فائٹنگ آلات اور سیفٹی اقدامات نہ کرنے پر عمارتوں کو سیل کیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں