پنجاب پولیس نے سی سی ڈی پر جعلی پولیس مقابلوں کے الزامات بے بنیاد قرار دے دیے
لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب پولیس نے سی سی ڈی پر جعلی پولیس مقابلوں کے تمام الزامات جھوٹے اور بے بنیاد قرار دے دیے ہیں۔
لاہور ہائیکورٹ میں سی سی ڈی کے جعلی پولیس مقابلوں سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی، پنجاب پولیس نے عدالتی حکم پر تحریری رپورٹ عدالت میں جمع کروا دی جس کی کاپی دنیا نیوز نے حاصل کرلی، رپورٹ میں پنجاب پولیس نے سی سی ڈی پر جعلی پولیس مقابلوں کے تمام الزامات جھوٹے اور بے بنیاد قرار دے دیے۔۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ سی سی ڈی کے قیام کے بعد ڈکیتی، چوری اور قتل سمیت دیگر جرائم میں واضح کمی آئی ہے، 7 ماہ میں سی سی ڈی کی کارروائیوں سے پراپرٹی سے متعلق جرائم میں 64 فیصد سے زائد کمی ہوئی، ڈکیتی اور قتل کے واقعات میں بھی 60 فیصد کمی دیکھی گئی۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ 2024ء میں ڈکیتی کے 792 جبکہ 2025ء میں 324 واقعات رپورٹ ہوئے، ڈکیتی کے کیسز کی شرح میں 69 فیصد کمی آئی، راہزنی کے واقعات 41 ہزار سے کم ہو کر 18 ہزار 608 تک آگئے جن میں 62 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، گاڑیاں چھیننے کے واقعات میں 64 فیصد اور کار چوری کی وارداتوں میں 60 فیصد کمی ہوئی۔
عدالت کو بتایا گیا کہ موٹر سائیکل چھیننے کے واقعات میں 53 فیصد کمی آئی، 4 ہزار 628 واقعات رپورٹ ہوئے، ڈکیتی مع قتل کے کیسز 170 سے کم ہو کر 96 پر آگئے جن میں 60 فیصد کمی دیکھی گئی۔
رپورٹ کے مطابق سی سی ڈی آپریشنز میں ایک سب انسپکٹر شہید اور 96 پولیس اہلکار زخمی ہوئے، سی سی ڈی نے کیٹیگری اے کے مفرور اور ہیڈ منی ملزمان کو گرفتار کیا، سی سی ڈی پر الزامات سوشل میڈیا افواہوں پر مبنی ہیں جن کا حقائق سے کوئی تعلق نہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پنجاب پولیس میں مضبوط احتسابی اور ڈسپلنری نظام موجود ہے، کسی بھی افسر کی جانب سے خلاف ورزی پر مکمل انکوائری کے بعد سخت قانونی اور محکمانہ کارروائی ہوتی ہے۔