پاکستان سپورٹس بورڈ کا آج ہونے والا اجلاس ملتوی
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کا آج ہونے والا اجلاس ملتوی کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کا نیا شیڈول بعد میں جاری کیا جائے گا۔
ملتوی ہونے والے اجلاس میں پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن کے عہدیداران کو طلب کیا گیا تھا جبکہ پی ایس بی بورڈ نے ایتھلیٹکس فیڈریشن کی جانب سے دائر اپیلوں پر فیصلہ کرنا تھا۔
واضح رہے کہ پی ایس بی کے ایڈجوڈیکیٹر پہلے ہی پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن کے انتخابات کو غیر آئینی قرار دے چکے ہیں جس کے باعث معاملہ مزید اہمیت اختیار کر گیا تھا۔
اجلاس کی صدارت صدر پاکستان اسپورٹس بورڈ رانا ثناءاللہ نے کرنا تھی، اجلاس ملتوی ہونے کی وجہ تاحال سامنے نہیں آ سکی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز میں اجلاس کی نئی تاریخ کا اعلان متوقع ہے۔