ڈیرہ خودکش دھماکہ میں ہلاکتیں 6 ہو گئیں، گورنر نے رپورٹ طلب کر لی
ڈیرہ اسماعیل خان: (دنیا نیوز) ڈیرہ اسماعیل خان میں سربراہ امن کمیٹی کے گھر شادی کی تقریب میں خودکش دھماکہ میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 6 ہو گئی، گورنر فیصل کریم کنڈی نے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔
گورنر خیبرپختونخوا نے قریشی موڑ دھماکے پر اعلیٰ حکام سے رابطہ کیا ہے جس میں انہوں نے واقعہ کی تحقیقات اور تفصیلی رپورٹ فوری پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔
دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نےگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار اور ہدایت کی کہ دھماکے کے زخمیوں کو ہر ممکن اور فوری طبی امداد فراہم کی جائے۔
گزشتہ رات قریشی موڑ کے قریب شادی کی تقریب میں خودکش دھماکہ ہوا تھا، دھماکہ جنوبی وزیرستان ٹھیکیدار یونین کے صدر نور حسن محسود کے گھر پیش آیا تھا، خودکش دھماکے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 10 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
خودکش دھماکہ میں جاں بحق افراد میں ایڈووکیٹ عبدالمجید لاگری محسود بھی شامل ہے جبکہ دیگر جاں بحق افراد میں وحید جگری، رحمان اللہ، شہزاد، عنایت اللہ اور چھوٹا وحید شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیا، پولیس نے شواہد اکٹھے کر لیےہیں جبکہ تحقیقات کا دائرہ بھی وسیع کیا جا رہا ہے، زخمیوں کے بیانات بھی قلمبند کیے جا رہے ہیں۔