مری میں برفانی طوفان کی پیشگوئی، ٹریول ایڈوائزری جاری
مری: (دنیا نیوز) ڈی پی او مری نے برفانی طوفان کی پیشگوئی کے پیشِ نظر ٹریول ایڈوائزری جاری کردی۔
ڈسٹرکٹ پولیس افسر ڈاکٹر رضا تنویر نے برفانی طوفان کے پیشِ نظر ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ آج شام سے کل شام تک مری میں شدید برفباری کا امکان ہے تاہم سیاح اور شہری رات کے وقت مری کا سفر کرنے سے مکمل گریز کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ مری میں درجہ حرارت گرنے سے سڑکوں پر برف شیشے جیسی سخت تہہ بن سکتی ہے، برف والی سڑک پرگاڑی کے بریک کام نہیں کرتے، رات کا سفر خطرناک ہوسکتا ہے جس سے اندھیرے اور دھند میں برف ہٹانے والی مشینری کا کام کرنا انتہائی مشکل ہوجاتا ہے۔
مزید برآں، ڈاکٹر رضا تنویر نے شہریوں کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹائروں پر سنوچین کے بغیر کسی گاڑی کو مری میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی، مری روانگی سے قبل گاڑی کا فیول ٹینک فل رکھیں، مکینیکل فٹنس چیک کرلیں جبکہ بریک، وائپرز، ہیٹر اور ڈی فوگر کا درست ہونا یقینی بنایا جائے۔