پولیس اہلکار نے چھاپے کی ویڈیو بنانے پر نوجوان کو گولی مار دی

لیہ: (دنیا نیوز) پنجاب کے شہر لیہ میں سادہ کپڑوں میں ملبوس پولیس اہلکار کی جانب سے ایک گھر پر چھاپے کے دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا۔

عینی شاہدین کے مطابق چھاپے کے دوران 20 سالہ نوجوان نوید اکرم نے موبائل فون سے ویڈیو بنانے کی کوشش کی، جس پر سب انسپکٹر نے مبینہ طور پر طیش میں آ کر فائرنگ کر دی۔

واقعے کے بعد اہلِ علاقہ نے سب انسپکٹر سجاد بشیر اور اہلکار محمد رضا کو قابو میں لے لیا، تاہم، اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اور دونوں اہلکاروں کو چھڑا کر لے گئی۔

جاں بحق نوجوان کے ورثا نے پولیس اہلکاروں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے فوری طور پر نوکری سے برخاست اور قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

 بعدازاں ڈی پی او حسن جاوید کے نوٹس پرسب انسپکٹر اور رضا کار کو گرفتار کر لیا گیا، مقتول کے والد محمد اکرم کی مدعیت میں اقدام قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔

پولیس ترجمان نے کہا کہ قانون سے کوئی بالا تر نہیں ، ورثا کو انصاف فراہم کیا جائے گا، واقعہ گزشتہ رات جمن شاہ کے چکنمبر 149 سی ٹی ڈی اے میں پیش آیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں