کراچی : صدر موبائل مارکیٹ میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا
کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے صدر میں واقع موبائل مارکیٹ میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا ہے، عمارت میں آتشزدگی سے پارکنگ میں کھڑی کئی گاڑیاں جل گئیں تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ریسکیو حکام کے مطابق کراچی کے مین مرکز صدر میں گل پلازہ کے قریب واقع النجیبی موبائل مارکیٹ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، آگ النجیبی موبائل مارکیٹ کی ساتویں منزل کی پارکنگ میں لگی، آگ لگنے کی فوری اطلاع ملتے ہی اور آگ کی شدت زیادہ ہونے کی وجہ سے مزید فائربریگیڈ طلب کی گئیں جب کہ آگ لگنے کے باعث دکانداروں سے دکانیں بند کرنا شروع کردیں۔
فائر بریگیڈ کی 3 گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا، عمارت میں آتشزدگی سے کئی گاڑیاں جل گئیں تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ ساتویں منزل پر لوگ پھنسے ہوئے ہیں، آتشزدگی کے دوران 2 افراد کو ریسکیو کرلیا، دم گھٹنے کے باعث دونوں افراد کی حالت خراب ہوئی تاہم موقع پر موجود ریسکیو 1122 کی ایمبولینس کی جانب سے انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔
چیف فائر آفیسر ہمایوں خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ صدر موبائل مارکیٹ میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے، عمارت میں موجود 3 گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے، بروقت اگ بجھانے کا عمل شروع کیا گیا تھا، بروقت اطلاع سے زیادہ نقصان نہیں ہوا۔
ڈپٹی میئر کراچی سلمان مراد نے بتایا کہ کراچی موبائل مارکیٹ میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا، فائر بریگیڈ اور ریسکیو اداروں نے بروقت کارروائی کی، الحمداللہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کیا جا رہا ہے، متاثرہ دکانداروں کے نقصانات کا جائزہ لیا جائے گا، شہری انتظامیہ صورتحال پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صدر میں واقع موبائل مارکیٹ میں آتشزدگی کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی سے رپورٹ طلب کرلی جب کہ انہوں نے متاثرہ عمارتوں میں فوری ریسکیو اور امدادی کارروائی کی ہدایت کردی۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ آتشزدگی کے اسباب اور ذمہ داران کا تعین کیا جائے گا، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔