پاکستان کی برآمدات جنوری میں پہلی بار 3 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئی

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایس آئی ایف سی کی معاشی اور تجارتی حکمت عملی کے نتیجے میں پاکستان نے برآمدات اور تجارتی ترقی میں تاریخی سنگِ میل عبور کر لیا۔

برآمدات میں اضافہ ملکی زرمبادلہ، وسیع روزگار کے مواقع اور اقتصادی خودمختاری کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ جنوری میں پاکستان کی برآمدات پہلی بار تاریخی سنگِ میل عبور کرتے ہوئے 3 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی۔

پاکستان بیورو آف سٹاٹسٹکس کے اعداد و شمار کے مطابق برآمدات میں تاریخ ساز اضافہ اور درآمدات میں نمایاں کمی سے تجارتی خسارہ کم ہوا، جنوری میں برآمدات 3 ارب ڈالر تک پہنچیں جبکہ درآمدات کم ہو کر تقریباً ساڑھے 5 ارب ڈالر رہیں۔

ماہانہ بنیاد پر برآمدات میں تقریباً 35 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا اور درآمدات میں تقریباَ 5 فیصد کمی سے تجارتی خسارہ نمایاں طور پر محدود ہوا، مالی سال کے پہلے سات ماہ میں مجموعی برآمدات 18 ارب ڈالر اور درآمدات 40 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔

پاکستان کی برآمدات میں اضافہ اور تجارتی سرگرمیوں میں مضبوط پیش رفت ملکی معیشت کے لیے خوش آئند ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں