ٹی 20 رینکنگ: صائم ایوب نے دوبارہ پہلی پوزیشن پر قبضہ جما لیا

دبئی: (ویب ڈیسک) پاکستان کے اوپنر صائم ایوب نے مینز ٹی 20 آل راؤنڈر رینکنگ میں ایک بار پھر پہلی پوزیشن پر قبضہ جما لیا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے جاری کردہ تازہ رینکنگ کے مطابق 23 سالہ صائم ایوب نے زمبابوے کے تجربہ کار کھلاڑی سکندر رضا کو پیچھے چھوڑ دیا، صائم ایوب نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں 119 رنز سکور کیے اور تین وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان کے دیگر کھلاڑیوں کی بھی تازہ رینکنگ میں پوزیشن بہتر ہوئی ہے، سپنر ابرار احمد 2 درجے بہتری کے بعد ٹی 20 باؤلرز کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں اور وہ پہلی پوزیشن سے صرف 28 ریٹنگ پوائنٹس پیچھے ہیں۔

محمد نواز نے بھی پانچ وکٹیں لینے کے بعد آٹھ درجے ترقی پا کر باؤلرز کی فہرست میں ساتویں پوزیشن حاصل کر لی جبکہ آل راؤنڈرز کی فہرست میں بھی ایک درجے ترقی سے چوتھی پوزیشن پر آگئے، شاہین شاہ آفریدی بھی پانچ درجے ترقی سے انیسویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔

بیٹنگ رینکنگ میں صائم ایوب اور کپتان سلمان علی آغا نے نمایاں ترقی کی ہے، صائم ایوب 8 درجے ترقی سے ستائیسویں اور سلمان علی آغا 12 درجے ترقی سے انتیسویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔

تاہم صاحبزادہ فرحان آسٹریلیا کے خلاف خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور 2 درجے تنزلی سے ساتویں پوزیشن پر آگئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں