نواز شریف سے ایرانی سفیر کی ملاقات، دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اسلامیہ جمہوریہ ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی، وزیراعلیٰ نے ایرانی سفیر کا خیرمقدم کیا۔
ملاقات میں پاک ایران دو طرفہ تعلقات، تجارت، توانائی، سرمایہ کاری اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ایرانی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں بالخصوص زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور اقتصادی و سماجی تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے تعاون پر وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کا شکریہ ادا کیا۔
محمد نواز شریف نے اس موقع پر کہا کہ اگر مذاکرات کا دروازہ فراخ دلی سے کھلا رکھا جائے تو بات چیت کے ذریعے بڑے سے بڑے مسائل حل کیے جا سکتے ہیں، ایران نے جواں مردی کے ساتھ حالات کا مقابلہ کیا اور ایران کے لیے ان کے دل میں بے شمار دعائیں اور نیک خواہشات ہیں، ایرانی عوام ہمیشہ ان کی دعاؤں کا حصہ رہے ہیں۔
ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے محمد نواز شریف کو عالم اسلام کا اہم اور عظیم لیڈر قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران دو جسم اور ایک روح کی مانند ہیں، عالم اسلام کی قیادت اور پاک ایران تعلقات کے فروغ کے لیے محمد نواز شریف جیسے رہنما کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم محمد نواز شریف کی صحت اور حفاظت کے لیے ہمیشہ دعاگو رہتی ہے، وہ خطے کی صورتحال سے محمد نواز شریف کو آگاہ کرنا ضروری سمجھتے ہیں کیونکہ پاکستان خطے کا بڑا ملک ہے اور معاملات پر مل کر بات کرنے سے دلی سکون محسوس ہوتا ہے۔
ڈاکٹر رضا امیری مقدم کا کہنا تھا کہ ایرانی عوام محمد نواز شریف کو پاکستان کی حفاظت کرنے والا ستون سمجھتے ہیں اور پاکستان و ایران ایک خطہ، ایک برادری اور ایک قوم کی مانند ہیں، دونوں ممالک کے باہمی تعلقات میں گہرائی پائی جاتی ہے۔
ایرانی سفیر نے فارسی زبان اور ایرانی طلبہ سے متعلق امور حل کرانے پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا تہہ دل سے شکریہ بھی ادا کیا۔