فراڈ کیس: نجف حمید کی ضمانت منسوخی کے خلاف اپیل پر نوٹس جاری
اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید کے بھائی نجف حمید کے خلاف فراڈ کے مقدمے میں ضمانت کی بحالی سے متعلق درخواست پر نوٹس جاری کر دیئے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس راجہ انعام امین منہاس نے کیس کی سماعت کی، جہاں سابق نائب تحصیلدار نجف حمید اپنے وکلا قدیر جنجوعہ اور احد کھوکھر کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران وکلا نے عدالت سے استدعا کی کہ نجف حمید کی ضمانت منسوخ کرنے کے فیصلے کو معطل کیا جائے۔
اس موقع پر جسٹس انعام امین منہاس نے وکلا سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ نوٹس جاری کر دیئے گئے ہیں، پہلے فریقین کے جوابات آ جانے دیں، اس حوالے سے تحریری حکم نامہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ نجف حمید نے ایف آئی اے کی جانب سے درج مقدمے میں اپنی ضمانت منسوخی کے فیصلے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔