پمز کے ڈاکٹر نے کہا عمران خان کا بروقت علاج نہ کیا تو آنکھ ضائع ہو سکتی ہے، مریم ریاض وٹو
اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی ہمشیرہ مریم ریاض وٹو نے کہا ہے کہ پمز کے ڈاکٹر نے عمران خان کے بروقت علاج نہ کروائے جانے پر آنکھ ضائع ہونے کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔
پروگرام ’’دنیا مہربخاری کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی ہمشیرہ نے کہا کہ بشریٰ بی بی جیل میں کمزور ہوگئی ہیں، آج 3 ماہ بعد فیملی ممبر کی بشریٰ بی بی سے ملاقات ہوئی ہے، میری بھانجی اور بھابھی کی آج بشریٰ بی بی سے ملاقات ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج بشریٰ بی بی نے سب کیلئے پیغام بھیجا ہے، وہ عمران خان کیلئے بہت پریشان تھیں، بانی پی ٹی آئی کو جیل میں سہولیات نہیں دی جا رہیں، بانی پی ٹی آئی نے بشریٰ بی بی کو 2 ہفتے پہلےآنکھ کے بارے میں بتایا، اور بار بار کہا کہ میرا علاج کروایا جائے۔
مریم ریاض وٹو کے مطابق پہلے جونیئر اور پھر پمز کے ڈاکٹر نے چیک کیا تھا، جیل کا عملہ تو ہسپتال لے جانے سے روک رہا تھا، پمز کے ڈاکٹرز کی ہدایت پر بانی پی ٹی آئی کو ہسپتال لے جایا گیا، وفاقی وزرا اس حوالے سے جھوٹ بول رہے ہیں کہ بانی نے خود کہا تھا پمز لے کر جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری فیملی بھی ہر منگل کو ملاقات کیلئے جاتی ہے، ہماری فیملی نے کبھی کوئی سیاسی بات نہیں کی، بشریٰ بی بی نے کوئی سیاسی بات نہیں کی، انہوں نے صرف بانی کی صحت سے متعلق پیغام بھیجے ہیں، بشریٰ بی بی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں اور ڈاکٹرز سے ملاقات کروائی جائے۔