Published on:04 February, 2026

عدالت نے سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کو بری کر دیا

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کو بری کر دیا۔

فواد چوہدری کے خلاف فراڈ کیس کی سماعت ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں ہوئی، جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ کنڈی نے کیس پر سماعت کی، عدالت نے فواد چودھری کو فراڈ کیس سے بری کر دیا۔

فواد چودھری اپنے وکلا شمس اقبال ایڈووکیٹ اور قمر عنایت راجہ ایڈووکیٹ کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے، شکایت کنندہ ملک محمد ظہیر بھی عدالت میں پیش ہوئے، تاہم ان کے وکیل فرحان منظور پیش نہیں ہوئے۔

سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کے وکلا کی جانب سے بریت کی درخواست پر دلائل دیئے گئے، شمس اقبال ایڈووکیٹ نے کہا کہ فواد چودھری کے خلاف کیس میں ثبوت ناکافی ہیں۔

شمس اقبال ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ شکایت کنندہ کی عدم دلچسپی بھی عدالت کے سامنے ہے، عدالت قانون کی محافظ ہے اور اس کی ذمہ داری دستیاب شواہد کی روشنی میں فیصلہ کرنا ہے۔

فواد چودھری کے وکیل نے کہا کہ عدالت ریکارڈ کا جائزہ لیتے ہوئے فواد چوہدری کو کیس سے بری کرے، عدالت نے فواد چوہدری کی بریت کی درخواست نمٹا دی۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں