کرکٹ تنازع: بھارت کے خلاف آواز اٹھانے کا وقت آگیا، اعصام الحق
اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق نے کہا ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ بھارت کے خلاف کھل کر آواز اٹھائی جائے، کیونکہ بھارت یہ سمجھتا ہے کہ کرکٹ نہ کھیل کر وہ پاکستان کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے اعصام الحق نے پاک بھارت ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ تنازع پر کہا کہ بھارت یکطرفہ طور پر کرکٹ پر غلبہ حاصل کرنا چاہتا ہے، جس کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ محسن نقوی اس وقت ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر ہیں جس کے تحت بنگلادیش کرکٹ بورڈ بھی آتا ہے اور وزیراعظم شہباز شریف و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بنگلادیش کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائے ہیں، چھ سال قبل پاکستان ٹینس فیڈریشن نے بھارت کے خلاف آواز اٹھائی تھی جس کے نتیجے میں بھارتی ٹیم ڈیوس کپ کھیلنے پاکستان آئی تھی اگر اس وقت خاموشی اختیار کی جاتی تو آج صورتحال مختلف ہوتی۔
اعصمام الحق نے کہا کہ ہاتھ نہ ملانا بھارت کی منفی ذہنیت کو ظاہر کرتا ہے، پاکستان ورلڈ کپ جیتے یا نہ جیتے، لیکن ایسے اصولی فیصلوں پر پاکستان اخلاقی طور پر ورلڈ کپ جیت چکا ہے، اگر بھارت دیگر کھیلوں میں بائیکاٹ نہیں کرتا تو پاکستان کو بھی یکطرفہ بائیکاٹ کی پالیسی اختیار نہیں کرنی چاہیے، پاکستان نے ہمیشہ بھارت کو کھیل کی دعوت دی مگر بھارت نے خود پاکستان آنے سے گریز کیا۔
اعصام الحق نے مزید کہا کہ ڈیوس کپ میں بھی بھارت پاکستان آنے کا بائیکاٹ کر رہا تھا تاہم پاکستان ٹینس فیڈریشن نے قانونی جنگ لڑی جس کے بعد بھارتی ٹینس پر پابندی لگنے کا خطرہ پیدا ہوا اور بھارتی ٹیم پاکستان آئی۔
ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ تنازعات کی وجہ سے دیگر کھیل بھی متاثر ہوتے ہیں، بھارت میں پاکستانی کھلاڑی ویزا مسائل کے باعث نہیں جا سکتے جبکہ بھارتی کھلاڑی جب بھی پاکستان آئے ہیں، انہوں نے یہاں کے ماحول کو سراہا اور خود کو محفوظ محسوس کیا ہے۔