ماسکو: پاکستانی قونصلر رانا محمد خالد ضیا کے اعزاز میں الوداعی تقریب

ماسکو: (شاہد گھمن) پاکستان کمیونٹی روس کے صدر ملک شہباز کی جانب سے سفارت خانہ پاکستان ماسکو کے قونصلر رانا محمد خالد ضیا کے اعزاز میں ایک پروقار الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس تقریب کے مہمانِ خصوصی پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی تھے۔

تقریب میں نئے تعینات ہونے والے قونصلر سلمان خالد خان، پاکستان کے ممتاز بزنس مین ڈاکٹر طارق چوہدری، پاکستان کمیونٹی روس کے نائب صدر رضوان غنی، ڈاکٹر بابر اسلام، ڈاکٹر عارف اسلام، عامر سعید، آصف صدیقی، راجہ قدیر اور دیگر معزز شخصیات و کمیونٹی اراکین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ قونصلر رانا محمد خالد ضیا ایک قابل، محنتی اور عوام دوست افسر رہے ہیں جنہوں نے اپنے دورِ تعیناتی کے دوران روس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لیے گرانقدر خدمات انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ سفارت خانے اور پاکستانی کمیونٹی کے درمیان مضبوط روابط کے قیام میں قونصلر رانا خالد ضیا کا کردار قابلِ ستائش رہا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصلر رانا محمد خالد ضیا نے کہا کہ روس میں اپنے دورِ تعیناتی کے دوران پاکستانی کمیونٹی نے انہیں بھرپور تعاون فراہم کیا جس پر وہ دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے خصوصی طور پر ڈاکٹر طارق چوہدری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہر موقع پر ان کی بھرپور حوصلہ افزائی اور سپورٹ کی۔

انہوں نے کہا کہ ان کی ہمیشہ یہ کوشش رہی کہ پاکستانی شہریوں کو درپیش مسائل، بالخصوص ویزا پراسس، قونصلر امور اور دیگر انتظامی معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ قونصلر رانا خالد ضیا نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ گزارا گیا وقت ان کے لیے نہایت خوشگوار اور یادگار رہا۔

نئے تعینات ہونے والے قونصلر سلمان خالد خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری ایمانداری اور خلوص نیت سے نبھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور روس کے دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے ساتھ ساتھ روس میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے ان کے دروازے ہمیشہ کھلے رہیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ قونصلر رانا محمد خالد ضیا کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے مزید بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔

اس موقع پر پاکستان کمیونٹی روس کی جانب سے قونصلر رانا محمد خالد ضیا کو ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں ایک خصوصی شیلڈ بھی پیش کی گئی۔ یہ شیلڈ پاکستان کمیونٹی روس کے صدر ملک شہباز اور سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی نے مشترکہ طور پر پیش کی۔ شیلڈ پیش کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ قونصلر رانا محمد خالد ضیا کی خدمات پاکستانی کمیونٹی ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتی رہے گی اور ان کی کمی محسوس کی جائے گی۔

تقریب کے میزبان اور پاکستان کمیونٹی روس کے صدر ملک شہباز نے قونصلر رانا محمد خالد ضیا کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک نہایت قابل، محنتی اور ذمہ دار افسر تھے جنہوں نے ہمیشہ پاکستانیوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا۔ انہوں نے کہا کہ قونصلر رانا خالد ضیا ہر وقت پہلی کال پر دستیاب رہتے تھے اور روس میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور تعاون کرتے رہے۔ ان کا دورِ تعیناتی پاکستانی کمیونٹی کے لیے ایک مثالی اور یادگار دور ثابت ہوا۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء نے قونصلر رانا محمد خالد ضیا کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جبکہ دیگر معزز مہمانوں نے بھی ان کی خدمات کو سراہا۔ یہ الوداعی تقریب خوشگوار اور محبت و احترام سے بھرپور ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں