صدر آصف علی زرداری اور قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایووف کی ملاقات

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر آصف علی زرداری اور قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایووف کی ملاقات ہوئی۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان پائیدار ترقی کے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھانے کیلئے مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔

صدر مملکت نے سیاسی، اقتصادی اور علاقائی شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے پختہ عزم کا اظہار کیا، دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات سمیت علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ دونوں ملکوں کے باہمی اعتماد، مشترکہ اقدار اور علاقائی خوشحالی کے مشترکہ وژن پر مبنی تعلقات ہیں، حالیہ برسوں میں دو طرفہ تجارت میں اضافہ ہوا ہے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے علاقائی روابط ضروری ہیں، علاقائی چیلنجز کا مقابلہ محاذ آرائی کی بجائے تعاون کے ذریعے کیا جانا چاہئے۔

آصف علی زرداری نے امن، مذاکرات اور بین الاقوامی قوانین کے احترام کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، جنوبی ایشیا اور وسیع تر خطے میں استحکام کو فروغ دینے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

صدر قاسم جومارت توکایووف نے کہا کہ قازقستان پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

اس موقع پر اقتصادی تعاون کو وسعت دینے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں